خلطِ صفراء: افادیت، خواص، بگاڑ سے پیدا ہونے والے امراض
اپنی صحت یا علاج سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ کرنے سے قبل، کسی مستند معالج یا ماہر طبیب سے ضرور مشورہ کریں۔
ویب سائٹ پر دی گئی معلومات پر عمل کرنے کی مکمل ذمہ داری صارف کی اپنی ہوگی۔ اس ویب سائٹ یا اس کے منتظمین کسی بھی قسم کے طبی، جسمانی یا ذہنی نتائج کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔

وہ کیموس جو جھاگ کی مانند اوپر اوپر تیرتا ہے وہ صفراء ہوتا ہے ۔پکا ہو صفراء کو خالص صفراء بھی کہتے ہیں ۔ یہ خون اور بلغم کے بعد مقدار کے لحاظ سے زیادہ ہوتا ہے۔ جگر میں پیدا ہونے کے بعد یہ ایک حصہ خون میں شامل ہو جاتا ہے اور دوسرا حصہ پتہ / مرارہ میں سٹور ہوتا ہے جو معدہ میں کھانے کے کچھ عرصہ بعد قطروں کی صورت میں آنتوں میں گر کر نظام انہضام ہیں اپنا کردار ادا کرتا ہے ۔جب انسان ورزش کرتا ہے اور معدہ خالی ہوتا ہے تو صفرا اور خون بنتا ہے کیونکہ کچا خون (بلغم) حرارت سے پک جاتی ہے۔ یہ جسم میں حرارت اور تیزی پیدا کرتا ہے۔ یہ ہاضمہ کو تیز کرتا ہے اور ذہنی چستی کا باعث بنتا ہے، صفرا دماغ میں تیزی، غصہ، جلد بازی اور حرارت پیدا کرتا ہے۔ اسی لیے صفراوی مزاج والوں میں اکثر جذبات کی شدت، چڑچڑاپن اور جلد غصہ آتا ہے
صفراء کہاں پیدا ہوتا ہے؟
یہ خلط جگر میں خون کے گرم اجزاء سے پیدا ہوتی ہے اور پتے میں ذخیرہ ہوتی ہے۔ یہ گرم خشک مزاج کی چیزیں کھانے سے پیدا ہوتی ہے۔
"
صفراء (Yellow Bile) کہاں ذخیرہ ہوتا ہے؟
صفرا کا اصل مقام جگر (Liver) ہے، جہاں یہ خون کے گرم اور لطیف اجزاء سے بنتاہے۔ جگر سے بننے کے بعد پتہ / مرارہ (Gallbladder) میں ذخیرہ ہوتا ہے
پتہ / مرارہ (Gallbladder): صفرا کا اصل ذخیرہ خانہ ہے۔ خوراک کے بعد یہ صفرا خارج کرتا ہے تاکہ خوراک خاص طور پر چربی (Fat) کو ہضم کیا جا سکے۔
چھوٹی آنت (Duodenum): صفرا یہاں بھی خارج ہوتاہے تاکہ ہاضمہ مکمل ہو۔
طبعی صفراء کے خواص (Normal/Healthy Yellow Bile)
طبعی صفرا ایک قدرتی صفرائی مادہ ہے جو جگر میں خوراک کے ہاضمے کے دوران بنتا ہے۔ اس کا کام جسم میں حرارت، ہاضمہ، خون کی صفائی اور حرکت کو فعال رکھنا ہے۔
مزاج
گرم و خشک
رنگ
زرد مائل (لیموں جیسا)،شفاف اور صاف ہوتا ہے
ذائقہ
تلخ (کڑوا)
قوام (Consistency):
پتلا لیکن چپچپا نہیں ، جلد خارج ہو جاتا ہے
افادیت و افعال
- یہ خلط جگر اور غدود کی غذا ہے جب یہ مجسم صورت اختیار کرتی ہے تو جگر اور غدود ہی بنتے ہیں۔صفرا کا تعلق آگ کے ساتھ ہے۔
- یہ پتے میں جمع ہو تا ہے اور معدہ میں گرمی پیدا کرتا ہے تاکہ جسم میں غذا ہضم ہوسکے۔
- اس کا کام خون کے ساتھ شامل ہو کر خون کو پتلا کرنا تاکہ خون تنگ نالیوں میں بھی جا سکے۔اور خون کو جمنے نہیں دیتا ہے اور خون کی نالیوں میں بند راستہ کو کھولتا ہے.
- آنتوں میں گر کر خوراک ہضم کرواتا ہے اور چکنائی والی غذا کو ہضم کرتا ہے۔براز سے فاسد مادے صفراء کی وجہ سے ہی خارج ہوتے ہیں
- آنتوں،پھیپھڑوں کے اندر سے لیسدار، بلغم اور جمے ہوئے مادوں کو صاف کرتی ہے۔
- ہاضمہ کو تیز کرتا ہے
- خون کو صاف کرتا ہے
- جسم کی میکانیکی حرارت پیدا کرتا ہے جسم میں جہاں حرارت کی ضرورت ہوتی ہے وہاں حرارت پہنچاتا ہے
- معدے اور آنتوں میں جراثیم کش کردار ادا کرتا ہے
- دماغ کو متحرک اور چست رکھتا ہے
- صفراوی قوتِ مدافعت کو فعال کرتا ہے
علامات صحت
- ہاضمہ درست، جلد چمکدار
- آنکھوں کی سفیدی شفاف
- قوت فیصلہ مضبوط
- جگر، معدہ، دماغ میں اعتدال
- جسم میں توانائی اور تحریک
غیر طبعی صفراء کے خواص (Abnormal/Impure Yellow Bile)
فاسد صفرا، جسے "صفرا کا بگاڑ" کہتے ہیں. ایسی صفرا جو یا تو زیادہ مقدار میں بنے، یا غلط مزاج کی حامل ہو، تو یہ جسم میں جلن، گرمی، جلدی بیماریاں اور ذہنی اضطراب کا باعث بنتی ہے۔ مزاج کو چڑچڑا اور بے سکون بنا دیتی ہے۔
- بلغم کے ساتھ مل کر انڈے کی زردی جیسا ہو جائے گا اور حرارت کم ہو جائے گی
- صفراء ریاح کے ساتھ مل سکتی ہےبلغم کے ساتھ بھی مل سکتی ہے، گرمی کا تعلق تری کے ساتھ ہو سکتا ہے اور ہوا یعنی خشکی کے ساتھ بھی۔اور مل کر نئی تحریک بنا کرامراض بنا سکتی ہیں۔
- صفرا کبھی بھی سوداء کے ساتھ نہیں مل سکتی کیونکہ صفراء گرمی ہے اور سوداء سردی ہے اور دونوں ایک دوسرے کی ضد ہیں جب بھی ایک بڑھے گا تو دوسرا کم ہوگا
صفراءکی زیادتی کیوں ہوتی ہے؟
گرم، تیز، مصالحے دار غذائیں زیادہ کھانے سے۔
زیادہ غصہ، ذہنی دباؤ اور کام کی زیادتی۔نیند اور آرام دہ طرزِ زندگی۔
شدید گرمی کے موسم یا سورج کی تیز شعاعوں میں زیادہ رہنا
صفراء کی کمی کیوں ہوتی ہے؟
ٹھنڈی اور مرطوب غذائیں زیادہ کھانے سے۔
جسمانی کمزوری یا ہاضمے کی خرابی۔
پانی کا غیر معمولی زیادہ استعمال۔
رنگ
انتہائی زرد، سبز، یا سیاہی مائل زرد ،
پیشاب اور آنکھوں کی سفیدی بھی زرد ہو سکتی ہے
مزاج
انتہائی گرم و خشک
ذائقہ
بہت تیز تلخ یا بد مزہ
قوام (Consistency):
رقیق، تیزابیت والی یا جلن پیدا کرنے والی
علامات:
- چڑچڑاپن، غصہ جلدی آنا، بے صبری، بے چینی
- بے سکونی، نیند کی کمی، ذہنی تناؤ
- آگ اور جلتی چیزوں کے خواب دیکھنا
- پیشاب کا رنگ زرد گہرا ، جلن
- پاخانے میں جلن یا تیزابیت
دیگر علامات اور بیماریاں:
سر
جنون، درد شقیقہ بائیں طرف، سر درد، سرچکرانا، سرسام صفراوی، صداع صفراوی، فالج دائیں طرف، ورم چہرہ خونی اور صفراوی
آنکھیں
آنکھوں میں زردی اور چبھن ، پپوٹوں کے دانے ، درد چشم صفراوی، ناسور چشم ،
بخار
ٹائیفائیڈ
عورتوں کے امراض
دبیلہ ثدی ، دودھ کی کمی، ورم ثدی حار ، اسقاط حمل، بانجھ پن، بچہ دانی کا سکڑاؤ، ٹانگ کا سفید ورم غیر شادی شدہ کا، رحم سے خون آنا، رحم کا باہر نکل جانا، رحم کا ورم، رحم کی سوزش، رحم میں جلن، ماہواری کا تکلیف سے آنا، ماہواری کا کم آنا، ہسٹیریا,اختتاق الرحم
پھیپھڑے
پسلیوں کا درد، پھیپھڑوں کا درد ، پھیپھڑوں کا ورم، پھیپھڑوں میں پیپ پڑنا، پھیپھڑوں میں جلن، تپ دق ، ٹی بی، دمہ کبدی، کھانسی صفراوی، نمونیا
جگر و طحال
پتہ کی پتھری ، پتہ کی سوزش، درد پتہ، جگر کا درد، سوزش جگر، ضعف جگر، یرقان پیلا
جلد
پھوڑے پھنسیاں صفراوی ، جلد پر آبلہ نما دانہ، جلد کا پیلا ہونا، چہرے پر نوکیلے دانے جن سے پیپ نکلے، خارش صفراوی، سرخ رنگ کی جلن دار پھنسیاں، لو لگنا، ہاتھ پاؤں کا جلنا،
امراض مردانہ
خصیہ میں پانی بھرنا، انتشار کی کمی، سرعت انزال
گردہ مثانہ
درد گردہ، گردہ میں فاسفیٹ پتھری، مثانہ میں جلن،
معدہ آنت مقعد
استسقاء زقی ، پیٹ میں پانی پڑجانا، السر، پیچس، زحیر، دست ہرے اور پیلے، ڈکار چرپرے مرچوں والے، سوزش معدہ، سینہ کی جلن، ضعف معدہ، قولنج صفراوی، قے صفراوی، پیلے رنگ کی قے، کدو دانے، مروڑ، چنونے، کانچ نکلنا، مقعد کا باہر نکل آنا، مقعد کا ناسور، مقعد کے زخم
منہ اور گلا اور ناک
گلے میں ورم، منہ پک جانا صفراوی، منہ میں پھنسیاں، ناک میں پھنسیاں صفرا وی، ناک میں چھالے، نزلہ حار، نزلہ سوزش والا، نکسیر بائیں نتھنے سے، منہ میں پیلے دانے اور چھالے
دانت
دانت کی آب کا زائل ہونا
دل
بلڈ پریشر کبھی زیادہ کبھی کم، خفقان قلب، دل کا بڑھ جانا، دل کا فیل ہونا، سوزش غلاف قلب، ضعف قلب، غشی
کان
کان سے پیپ آنا، کان میں زخم، کان میں سوزش
جوڑ
جوڑوں کی سوجن، جوڑوں کا درد، ریڑھ کی ہڈی کی جھلی پر سوزش، مہروں کا ہل جانا
رطوبات
بائل کی زیادتی، پس سیلز کا بڑھنا، خون کی کمی
